بجلی کمپنیوں کے افسران کو مفت بجلی کی جگہ مالی سہولت دینے کی تیاری کرلی گئی۔
ذرائع کے مطابق گریڈ 17سے گریڈ 21 کے افسران کو ماہانہ مفت یونٹس کی فراہمی بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کی جانب سے پاور ڈویژن کی سمری پر آئندہ اجلاس میں منظوری دینے کا امکان ہے۔ مفت یونٹس کی سہولت ختم کرنے سے سالانہ 6 ارب روپے سے زائد بچت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ 17کے افسر کوماہانہ 450مفت یونٹس کے بجائے 15ہزار 858روپے، گریڈ18 کے افسر کو 600 مفت یونٹس کی جگہ 21ہزار996 روپے اور گریڈ 19کے افسر کو ماہانہ 880 مفت یونٹس کے بجائے37ہزار594 روپے دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گریڈ 20 کے افسر کوماہانہ 1100 مفت یونٹس کے بجائے 46 ہزار 992 روپے اور گریڈ 21 کے افسر کوماہانہ 1300 مفت یونٹس کی جگہ 55ہزار536 روپے دینے کی سفارش دی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ گریڈ 16تک کے ملازمین کو فی الوقت مفت بجلی کی سہولت جاری رہے گی۔