پاکستان کی نگراں حکومت نے یکم اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا عندیہ دیا ہے
نگراں وفاقی وزیرِ صنعت گوہر اعجاز نے ہفتے کو کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ یکم اکتوبر کو پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی خوش خبری آ جائے گی۔
نگراں وزیرِ صنعت کے مطابق ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہے تاہم اب انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی آئی ہے۔
وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق روپے کی قدر میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ حکام نے کہا کہ یکم اکتوبر سےپیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 11 روپے 98 پیسے کمی ہوسکتی ہے۔ ڈیزل 9 روپے 17 پیسے تک سستا ہوسکتا ہے۔۔
نگراں حکومت کے لگ بھگ ڈیڑھ ماہ کے عرصے کے دوران تین مرتبہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں اضافہ ہوا ہے اور مجموعی طور پر یہ اضافہ تقریباً 55 روپے کا ہوا ہے۔