انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
حیدر آباد میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے، محمد رضوان 103 اور کپتان بابر اعظم 80 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہے۔
سعود شکیل نے 53 گیندوں پر 75 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جبکہ آغا سلمان نے ناقابل شکست 33، شاداب خان نے 16 اور افتخار احمد نے 7 رنز بنائے۔
کیویز کی جانب سے مچل سینٹنر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ میٹ ہینری، جیمز نیشم اور لوکی فرگوسن نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں نیوزی لینڈ نے 43.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنا کر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا اور قومی ٹیم کو میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
راچن رویندر 97 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہے جبکہ مارک چیپ مین نے 65، ڈیرل مچل نے 59، کین ولیمسن نے 54 رنز کی اننگ کھیلی۔
پاکستان کی طرف سے اسامہ میر نے دو، حسن علی ، آغا سلمان اور محمد وسیم نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔