آئی سی سی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا نے بھی پاکستان کو شکست دے دی، کینگروز نے گرین شرٹس کو 14 رنز سے ہرایا۔
بھارتی شہر حیدرآباد کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 352 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں قومی ٹیم 47.4 اوورز میں 337 رنز ہی بنا سکی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اوپپنگ جوڑی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئی، فخر زمان 22 اور امام الحق 16 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ عبداللہ شفیق 12 اور شاداب خان 9 رنز ہی بناسکے۔
پاکستان کی 83 کے مجموعی اسکور پر چار وکٹیں گر گئی تھیں جس کے بعد افتخار احمد اور بابر اعظم نے ٹیم کو سہارا دی، افتخار احمد 83 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ بابر اعظم 90 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔
محمد نواز نے نصف سنچری اسکور کی، اس کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی قابل ذکر رنز نہیں بناسکا۔
آسٹریلیا کے مارنس لیبوشگن نے 3، پیٹ کمنز اور مچل مارش نے 2،2 جبکہ گلین میکس ویل اور سین ایبوٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔