کرکٹ ورلڈکپ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 134 رنز سے بآسانی شکست دیدی۔
بھارت کے شہر لکھنؤ میں ہونیوالے آئی سی سی کرکٹ ایونٹ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے۔
اوپننگ جوڑی نے 108 رنز کی شراکت داری قائم کی۔کپتان ٹیمبا باووما 35 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے،کوئنٹن ڈی کوک5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 109 رنز کی اننگز کیساتھ نمایاں رہے۔
وین ڈر ڈوسن 26 رنز بناسکے، ایڈن مارکرم 56، ہینرک کلاسن 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے
آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل اور مچل سٹارک نے 2،2 جبکہ ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم40.5 اوورز میں 177 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر 13 اور مچل مارش 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اسمتھ بھی ٹیم کو سہارا دینے میں ناکام رہے اور 19 رنز بنا کر کاگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ جوش انگلس5 رنز بنا کر ربادا کی گیند پر بولڈ ہوگئے، دیگر کھلاڑیوں میں مارکس اسٹوئنس5 اور گلین میکسویل 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔
آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ مجموعی 139 رنز پر گری جب مچل سٹارک 27 رنز بنا کر جانسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، مارنس لبوشین بھی 46 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا نے 3، کیشو مہاراج ، مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 2،2 جبکہ لونگی نگیڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔