بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 16ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان 149 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 139 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
افغانستان کی دعوت پر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے اور افغانستان کے لیے 289 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
افغانستان کی جانب سے نوین الحق اور عظمت اللہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راشد خان اور مجیب الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کیوی بولرز کے سامنے کوئی بھی افغان بیٹر جم کر نہ کھیل سکا اور ٹیم کی ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئی۔
افغانستان کے 6 بیٹسمین ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے جس میں سے دو صفر پر آؤٹ ہوئے، افغان ٹیم کی جانب سے رحمت شاہ 36 اور عظمت اللہ عمرزائی 27 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔