بھارت میں کھیلے جارہے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا چوتھا میچ کل آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔
میچ بنگلور کے چناسوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق ڈیڑھ بجے کھیلا جائے گا، پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان چوتھی جبکہ آسٹریلیا ساتویں پوزیشن پر ہے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ میں 1975 سے 2019 کے درمیان 10 بار پاکستان اور آسٹریلیا مد مقابل ہوئے ہیں جس میں کینگروز کا پلڑا بھاری ہے، انہوں نے 6 جیت درج کررکھی ہیں جبکہ گرین شرٹس کی ٹیم محض 4 مرتبہ آسٹریلیا کو شکست دینے میں کامیاب رہی۔
دونوں ٹیمیں ایک دفعہ ہی بھارت میں آمنے سامنے ہوئی ہیں، قومی ٹیم نے بھارت میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کو 66 رنز سے شکست دی تھی، کیا تاریخ اپنے آپ کو دہرائی گی؟۔
قومی ٹیم نے شاہد آفریدی کی کپتانی میں 12 سال قبل سن 2011 کے ورلڈ کپ مقابلے میں آخری بار کینگروز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔
اس کے بعد 2015 اور 2019 کے عالمی مقابلوں میں گرین شرٹس کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے میڈیا گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم پاکستان آسٹریلوی چیلنج کے لیے تیار ہے، بنگلور کا چناسوامی اسٹیڈیم چھوٹا گراؤنڈ ہے اور کنڈیشنز کھیل کے لیے ساز گار ہیں۔
بریڈ برن نے کہا کہ ہم نے اپنا ہوم ورک کیا ہے، باؤنڈری چھوٹی ہونے کی وجہ سے گیم ہائی اسکورنگ ہوگا، بیٹرز اس پچ پر انجوائے اور بولرز کے لیے چیلنج ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف غلطی کی گنجائش بہت کم ہے، ہمارا بولنگ اٹیک اس وقت اتنا ایکیوریٹ نہیں رہا، اب ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کرنی پڑے گی۔