سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے ساتھ گرفتار ان کا بھتیجا شیخ شاکر راولپنڈی میں اپنے گھرپہنچ گیا ہے۔
شیخ راشد شفیق نے شیخ شاکر کےگھر پہنچ جانےکی تصدیق کردی ہے، شیخ رشید کے ملازم اور ڈرائیورکو پہلے ہی رہا کردیا گیا تھا۔
گھر والوں نے بتایا ہے کہ اللہ تعالی تیرا شکر ہے شیخ شاکر صاحب وہ شیخ عمران صاحب خیریت گھر پہنچ گئے ہیں اور انشاءاللہ تعالی شیخ رشید صاحب بھی عنقریب خیریت سے گھر پہنچیں گے pic.twitter.com/idaxZ9zpxG
— Sheikh Rashid Shafiq (@SheikhRashid60) October 2, 2023
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں شیخ رشید کی حراست کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے سابق وزیر داخلہ کو ایک ہفتے میں برآمد کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس صداقت علی خان نے کہا کہ آر پی او صاحب ایک ہفتے کی آخری وارننگ ہے۔ شیخ رشید برآمد نہیں ہوئے تو تمام افسران کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔
عدالت نے درخواست گزار اور ان کے وکلا سے شیخ رشید احمد کی گرفتاری سے متعلق بیان حلفی بھی طلب کرلیے۔عدالت نے ریجنل پولیس افسر کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے حد کراس کردی۔ گرفتار کرنے والے ایس ایس پی آپریشن، ڈی ایس پی اور 4 ایس ایچ اوز کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید کو گھر سے گرفتار کرکے گولڑہ شریف انٹیلیجنس کے دفتر منتقل کیا گیا جس کی ویڈیوز موجود ہیں۔ ہائی کورٹ نے شیخ رشید کی انٹیلیجنس دفتر منتقل کرنے کی ویڈیوز طلب کرلیں۔ دوسری جانب شیخ رشید کے بھتیجے شیخ شاکر اور ملازم شیخ عمران کو چھوڑ دیا گیا۔