پشاور میں پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کو مبینہ طور پر فرار کرانے پر ان کے برادر نسبتی سمیت دیگر رشتے داروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ورسک ارشد خان ے دعوی کیا کہ مراد سعید ناصر باغ کی حدود میں واقع ایک گھر میں روپوش تھے، پولیس نے ان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزم کے برادر نسبتی نے پولیس کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالتے ہوئے مراد سعید کو فرار ہونے میں مدد فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ مراد سعید کے رشتہ داروں نے پولیس سے تکرار اور گالم گلوچ بھی کی جبکہ چھاپہ مار ٹیم پر پھتراؤ بھی کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ مراد سعید پولیس چھاپے سے چند منٹ پہلے فرار ہوئے۔
ایس پی ورسک کے مطابق مراد سعید کو فرار کرانے پر ان کے برادر نسبتی سمیت دیگر رشتہ داروں کے خلاف تھانا ناصر باغ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ متعلقہ گھر میں مراد سعید کے 2 ملازم بھی موجود تھے اور چھاپے کے دوران مراد سعید کی گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے۔
مراد سعید کے خلاف 9 اور 10 مئی واقعات سے متعلق مقدمات درج ہیں۔