بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف آج بھی ملک کے مختلف شہروں میں شہریوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نےکہیں میٹر توڑے تو کہیں بلوں کو آگ لگائی۔
لاہور میں بجلی کے بلوں میں حد درجہ اضافےکے خلاف مختلف مقامات پر احتجاج کیا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ آسمان کو چھوتی مہنگائی کے ساتھ بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔
لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف تاجروں اور شہریوں نے ایچ تھری کمرشل مارکیٹ میں احتجاج کیا اور قبل از قبل بجلی کے بلوں کو آگ لگادی۔
سندہ میں ٹنڈوالٰہ یارمیں بھی چمبڑ ناکہ سے موج دریا روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے حکومت سے ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
پشاور میں بھی بجلی کے بھاری بلوں پر شہریوں کا صبر جواب دے گیا، بجلی بلوں میں ہوشربا اضافے اور بھاری ٹیکس کے خلاف جگہ جگہ تاجروں اور شہریوں نےاحتجاجی مظاہرےکیے۔
بجلی کے بل کی قیمتوں میں اضافےکے خلاف کوئٹہ میں بھی شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بل میں اضافی ٹیکس ختم کیے جائیں۔
دوسری جانب کراچی میں اضافی بلوں پر احتجاج میں تشدد کے معاملے پر محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں، محکمہ داخلہ نےکے الیکٹرک کے حکام سے ملاقات کے بعد ہدایت جاری کی ہیں۔
محکمہ داخلہ سندھ نے آئی جی سندھ کو مراسلہ تحریر کیا ہے، مراسلے میں کے الیکٹرک کی املاک اور عملے کی ہر ممکن حفاظت کے احکامات جاری کیے گئے ہیں