پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں کا دورہ کیا،حکام کی جانب سے آرمی چیف کو جانی خیل میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملےاورسکیورٹی اقدامات پربریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر خطاب میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ ہتھکنڈے فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور قوم کو کبھی جھکا نہیں سکتے۔ پاکستان میں امن و استحکام ہمارے شہدا کی قربانیوں کا مرہونِ منت ہے اور مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کا ناسور ہر قیمت پر ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
سپہ سالار دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت کے لئے سی ایم ایچ بھی گئے، زخمیوں سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف ان کے عزم کو سراہا
جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ قوم دکھ کی اس گھڑی میں شہید جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستانی فوج دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کرتی رہے گی۔