پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ ملک میں اس وقت ہر کسی کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں اور یہ ہی میرا اعتراض ہے۔ ملک کو چلانے کا پرانا طریقہ چھوڑا جائے، اپنی ریاست اور شہدا کے ساتھ انصاف کریں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دہشت گرد دوبارہ سراٹھارہے ہیں، امریکی اسلحہ افغانستان ہی نہیں ہمارے کچے کے علاقے تک بھی پہنچ چکا ہے،عمران دور میں دہشت گردوں کو دوبارہ آباد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، کیا جنرل فیض اورچیئرمین پی ٹی آئی کو اندازہ نہیں تھا کہ جن دہشتگردوں کو آباد کیا جائے گا ان کوکراچی پہنچنے میں کتنا عرصہ لگے گا؟
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ غلط فیصلہ کرنے والے اگرسیاستدان ہیں توان کا احتساب عوام کریں گے، اگرغلط فیصلہ کرنے والے دوسرے ادارے کے لوگ تھے تو وہ ادارہ ان کا احتساب کرے، ان دہشتگردوں کے واپس آنے کی کہانی کھلنی چاہیے۔