امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر کیون میکارتھی نے صدر جو بائیڈن کے خلاف ا مواخذے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے اسپیکر میکارتھی نے کہا کہ صدر بائیڈن کے خلاف “یہ الزامات بدعنوانی کے کلچر کی تصویر کشی کرتے ہیں۔”
ایک پریس بریفنگ کے دوران میکارتھی نے بائیڈن کے خلاف الزامات کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ “صدر بائیڈن نے اپنے خاندان کے غیر ملکی کاروباری معاملات کے بارے میں اپنے علم کے متعلق امریکی عوام سے جھوٹ بولا۔”
اسپیکر نے اس ضمن میں مزید کہا کہ عینی شاہدین نے گواہی دی ہے کہ صدر نے متعدد فون کالزمیں شمولیت اختیار کی اور متعدد بار اس پر بات چیت کی۔
میکارتھی نے الزام لگایا کہ ڈنرز کے نتیجے میں ان کے بیٹے اور ان کے بیٹے کے کاروباری شراکت داروں کو کاریں اور لاکھوں ڈالر ملے۔ہم جانتے ہیں کہ بینک کے ریکارڈ سے پتا چلتا ہے کہ تقریباً20 ملین ڈالر کی ادائیگی مختلف شیل کمپنیوں کے ذریعے بائیڈن کے خاندان کے افراد اور ساتھیوں کو کی گئی تھی۔