اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی سے خطاب کر کے فخرمحسوس کررہا ہوں، دنیا کو اس وقت کئی چینلجز کا سامنا ہے
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ہم تاریخ کے انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیں، نئے عسکری بلاک بن رہے ہیں اور پرانے بحال ہورہے ہیں،
یوکرین سمیت دنیا کے 50 سے زائد مقامات پر جنگی صورتحال ہے، دنیا میں غربت اور بھوک میں اضافہ ہورہا ہے، بحرانوں پر قابو پانے کےلیے فوری طور پر امداد کی ضرورت ہے
انہوں نے کہا کہ کرونا اور کلائمٹ چینج نے ترقی کی رفتار کو سست کیا۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، سیلاب نے پاکستان کا بنیادی ڈھانچہ تباہ کرکے رکھ دیا۔موسمی تبدیلی کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو خوراک، تیل اور معاشی چیلنجوں کا سامنا ہے، حکومت معیشت کو ٹھیک کرنے میں سنجیدہ ہے۔
نگران وزیراعظم نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے معاشی استحکام ضروری ہے، سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے، پاکستان وسطی ایشیا سے رابطوں کے منصوبوں پر کام تیز کررہا ہے، ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ خطے ایک ساتھ ترقی کرتے ہیں۔