لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے خاتمے کیلئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو فوری بند کرانے اور محکموں کے اسٹاف کو سائیکلیں دینے کا حکم جاری کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی جس سلسلے میں کمشنر محمد علی رندھاوا سمیت دیگرحکام عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ماحولیاتی آلودگی کےخاتمے پر عملدرآمد کرانے والے اداروں کوفنڈز فراہم کرنےکی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت عدالتی احکامات پر4 ماہ عملدرآمد کرلے تو اسموگ کا خاتمہ ہوسکتاہے۔
عدالت نے کہا کہ عدالت جرمانے کرتی ہے مگر ماحولیاتی افسر سازباز کرکے جرمانہ کم کردیتے ہیں، دھواں پھیلانے والی صنعتوں کوپہلےجرمانےکریں پھربھی عمل نہ کریں تو مسمارکردیں، ڈی سی لاہور صرف آفس میں بیٹھی رہتی ہیں کچھ نہیں کرتیں، وقت آگیا ہے کہ ڈی سی اور تھانوں میں بیھٹےلوگ باہر نکلیں۔