میانوالی میں کنڈل کے مقام پر پیٹرولنگ پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو دہشتگرد مارے گئے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق دس سے بارہ دہشتگردوں نے کنڈل پیٹرولنگ پوسٹ پر دواطراف سے حملہ کیا تھا، چیک پوسٹ کی چھت پر موجود اہلکار کی جوابی فائرنگ سے دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
دہشتگردوں کے حملے کے خلاف پولیس کی جوابی کارروائی میں ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان بھی دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
پولیس مقابلے میں ہلاک دونوں دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت زبیر نواز اور محمد خان کے ناموں سے ہوئی ہے جن کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا۔
سی ٹی ٹی حکام کا بتانا ہے کہ زبیر نواز کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا جو لکی مروت کے ٹی ٹی پی امیر ارشد نواز کا بھائی تھا، زبیر نواز پنجاب میں فرقہ وارانہ قتل، بھتہ خوری اور سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔