اامریکی ریاست الینوائے میں زہریلی امونیا گیس سے بھرے ٹرک کو حادثے کے بعد گیس کے اخراج سے 2 بچوں سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ ریاست الینوائے کے وسطی علاقے میں جمعہ کی رات پیش آیا جس کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔
انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امونیا گیس کے ٹرک کو حادثے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ حرکت میں آئی اور جائے وقوعہ سے تقریباً ایک میل دور تک پھیلے رہائشی علاقے سے 500 رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
ایجنسی برائے حفاظت ماحولیات نے بتایا کہ رہائشیوں کو خطرناک گیس کے اخراج کی وجہ سے اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور کیا گیا کیونکہ ٹرک میں 7 ہزار 500 گیلن امونیا گیس موجود تھی اور حادثے کی وجہ سے تقریباً آدھی سے زیادہ گیس لیک ہو کر ہوا میں پھیل چکی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گیس کے اخراج کے باعث ایک ہی خاندان کے دو بچوں سمیت ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ ایک اور خاندان کے دو افراد موت کے منہ میں چلے گئے اور مزید 5 افراد کی حالت غیر ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔