نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اعلان کیا ہے کہ یکم نومبر کے بعد غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو ملک بدر کریں گے، یکم نومبر کے بعد کوئی بھی بغیر ویزہ اور پاسپورٹ ملک میں داخل نہیں ہوگا۔
وزیر داخلہ نے یہ اعلان وزیراعظم کی صدارت میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کیا جس میں انہوں نے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو یکم نومبر کی ڈیڈ لائن دی جا رہی ہے۔ غیرقانونی طور پر مقیم افراد جائیدادیں فوری بیچ دیں، اب پیپر تذکیرہ نہیں چلے گا صرف ای تذکیرہ اور پاسپورٹ پر داخلہ ممکن ہوگا۔ 5نومبر کے بعد جو بھی آئے وہ ویزہ لے کر پاکستان آئے۔
سرفراز بگٹی نے بتایا کہ پاکستانی شناختی کارڈ ہولڈر افغان باشندوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا تاکہ فیملی ٹریز میں غیرقانونی طور پر شامل کیے گئے افغانوں کا پتا لگایا جاسکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غیرقانونی پاسپورٹ بنانے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام غیرقانونی طور پر مقیم افراد کی معلومات، ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی معلومات فراہم کریں، معلومات دینے والے کا نام خفیہ اور راز میں رکھا جائے گا اور انعام بھی دیا جائے گا۔ عوام ویب پورٹل کے ذریعے معلومات دے سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمگلنگ، حوالہ ہنڈی اور بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پاکستان صرف آئین و قانون کے مطابق چلے گا، پاکستانی بندوق کے زور پر مسلط ایجنڈے پر زندگی نہیں گزاریں گے۔ پاکستانی بندوق کے زور پر کسی کا ایجنڈا تسلیم نہیں کریں گے۔