پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی کے اثرات مارکیٹ میں نظر آنے لگے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں الیکٹرانک آئٹم، آٹو موبائل، امپورٹڈ فوڈ آئٹمز سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
رواں ہفتے پاکستانی کار ساز کمپنی لکی موٹرز کارپوریشن نے اپنی مختلف ماڈل کی گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک کمی کا اعلان کیا ہے۔
الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق روپے کی قدر میں بہتری کے بعد پاکستان میں استعمال ہونے والے موبائل فونز، اے سی، فریج، ایل سی ڈیز سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’مقامی سطح پر تیار ہونے والی اشیا کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک سے آنے والے سامان کی ڈیوٹیز اور خریداری میں کمی کی وجہ سے یہ اثر مارکیٹ میں دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بچوں کے کھانے پینے کی اشیا، ڈائپرز اور خشک دودھ سمیت دیگر درآمدی اشیا کی قیمت میں 10 سے 50 روپے تک کی کمی رپورٹ کی گئی ہے۔