حماس کی ذیلی عسکری تنظیم قسام بریگیڈ نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے غزہ میں بمباری اور شہریوں کو قتل کرنا جاری رکھا تو وہ یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کو قتل کر دیں گے۔
الجزیرہ کے مطابق قسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ ’بغیر کسی وارننگ کے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کا انجام افسوس ناک ہوگا، اس کے نتیجے میں زیر حراست افراد میں سے ایک کو قتل کیا جائے گا اور ہم اس قتل کو نشر کرنے پر مجبور ہوں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس فیصلے پر افسوس ہے لیکن ہم صہیونی دشمن (اسرائیل) اور ان کی قیادت کو اس کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔
اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکام کو اب یقین ہے کہ 100 افراد کو حماس نے یرغمال بنا کر غزہ لے جایا گیا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ پر حملے جاری رہیں گے چاہے یرغمالیوں کو نقصان ہی کیوں نہ پہنچے۔ ’غزہ کی پٹی پر حملے طاقتور اور وسیع پیمانے پر کیے جائیں گے، مغویوں کے مقام کے بارے میں درست انٹیلی جنس معلومات موجود ہوں تو یقینی طور پر اسرائیل اس مقام پر حملہ کرنے سے باز رہے گا لیکن جب تک ایسی معلومات موجود نہیں ہیں، حماس کے تمام اہداف پر حملہ کیا جائے گا۔‘