پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے ایک بار پھر پاکستان ائیرلائنز کو ایندھن کی فراہمی بند کر دی۔
ذرائع کے مطابق پی ایس او نے یومیہ ادائیگی نہ ہونے پر پاکستان ائیرلائنز کو ایندھن کی سپلائی بند کی ہے، پی آئی اے پر پی ایس او کے 26 ارب روپے کے واجبات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایندھن نہ ملنے سے پی آئی اے کی اندرون اور بیرون ملک متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی کراچی،لاہور اور اسلام آباد سے 20 پروازیں منسوخ ہوگئیں جبکہ پی آئی اے کی کراچی سے دبئی کی پرواز پی کے 215 تاخیر کا شکار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے لاہورکی پرواز پی کے 306، کراچی سے پشاور جانے والی پرواز پی کے 350، کراچی سے گوادر اور کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 370 بھی منسوخ ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ دنوں واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایس او نے پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن کی فراہمی بند کردی تھی۔