اسلام آباد ہائی کورٹ نے دارالحکومت کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن اور تین دیگر افسران پر پی ٹی آئی کے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی مینٹیننس آف پبلک آرڈر کے تحت طویل حراست سے متعلق کیس میں توہین عدالت کی فرد جرم عائد کی۔
کیس کی سماعت جسٹس بابر ستار نے کی، عدالت نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز جمیل ظفر، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) فاروق بٹر اور اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) ناصر منظور پر بھی فرد جرم عائد کی۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن پر فرد جرم سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس بابر ستار نے کہا کہ اگر آپ کو سزا ہوتی ہے تو زیادہ سے زیادہ 6 مہینے جیل ہوگی، آپ بھی زرا جیل میں رہ کر دیکھ لیں کہ جنہیں آپ جیل بھیجتے وہ کیسے گزارتے ہیں
ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ اس آرڈر کا مقصد عدالتی حکم کی توہین کرنا بالکل نہیں تھا، ڈی سی اسلام آباد نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی، تاہم عدالت نے جو کچھ بھی ہے اب ٹرائل میں ثابت کیجیے گا۔