نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے 5 ہزار روپے کے نوٹ پر پابندی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر زیر گردش نوٹی فکیشن کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ’فیک نیوز‘ ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا بیان اس نوٹی فکیشن کے بعد آیا ہے جو بظاہر خزانہ ڈویژن سے جاری کیا گیا تھا اور سوشل میڈیا پر زیر گردش تھا۔
فیک نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے مالی نظام کے استحکام اور غیر قانونی مالی سرگرمیاں روکنے کے لیے پالیسی میں اہم تبدیلی کا اعلان کردیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ ’ملک بھر میں 30 ستمبر 2023 سے 5 ہزار روپے کا نوٹ رکھنے اور لین دین پر پابندی ہوگی‘ اور دعویٰ کیا گیا تھا کہ مذکورہ تاریخ کے بعد اس نوٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوگی۔