نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا،آ رمی چیف، وفاقی کابینہ، صوبائی وزراء اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے متفقہ طور پر اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام فیصلے ملک کے وسیع تر مفاد میں کیے جائیں گے اور اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی لعنت سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ کم عرصے میں عوام کی بہبود اور معاشی استحکام کیلے اپنا کردار کریں اور وسط مدتی اور طویل المیعاد پالیسیاں بھی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد کو باآسانی ویزہ فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری اداروں سے منسلک افراد کو بھی آسان ویزہ رجیم کی سہولت میسر ہوں گی ایسے اقدامات سے پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہونے جارہا ہے۔
آرمی چیف نے ملک کی ’اقتصادی بحالی‘ کے اس بڑےمنصوبے کیلئے حکومت کی جاری کوششوں پرپاک فوج کی غیر متزلزل حمایت کااعادہ کیا۔