حکومت کے سخت اقدامات کے سبب انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے، آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے سستا ہو کر 307 روپے اور انٹربینک مارکیٹ میں 2 روپے 4 پیسے تنزلی کے بعد 304 روپے 94 پیسے کا ہو گیا۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق جمعرات کو روپے کی قدر 0.67 فیصد مستحکم ہوئی اور ڈالر مزید 2 روپے 4 پیسے سستا ہوگیا۔
کاروباری دن کے اختتام پر ڈالر 304 روپے 94 پیسے پر بند ہوا جبکہ گزشتہ روز ڈالر کی قیمت 306 روپے 98 پیسے تھی۔
حکومت کی جانب سے ڈالر کی اسمگلنگ اور دیگر غیرقانونی اقدامات کے سخت اقدامات کے نتیجے میں اوپن اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں فرق مزید کم ہو کر صرف 3 روپے رہ گیا، جو ایک فیصد سے بھی کم بنتا ہے
آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کے تحت اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ مسلسل 5 دن تک انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں فرق 1.25 فیصد سے زیادہ نہ ہو۔