مالی بحران سے دوچار قومی ائیر لائن پی آئی اے کا ماہانہ خسارہ 12 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وزارت خزانہ نے پی آئی اے کے قرض پرسود اور خسارہ برداشت کرنے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ پی آئی اے نے کمرشل بینکوں سے حکومتی گارنٹی پر 260 ارب قرض لیا ہوا ہے، ائیر لائن کو ایف بی آر کو ایک ارب 25 کروڑ روپے ٹیکس دینا ہے جب کہ پی آئی اے سول ایوی ایشن کو ماہانہ ایک ارب سے زائد کی ادائیگی نہیں کررہا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی ماہانہ آمدن 22 ارب اور اخراجات 34 ارب تک ہیں، پی آئی اے کا مجموعی خسارہ 740 ارب روپے کے لگ بھگ ہے جس پر نگران وزیرخزانہ نے نجکاری ڈویژن اور پی آئی اے انتظامیہ سے نجکاری پلان مانگ لیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری فوری عمل میں لائی جانے کی تجویز ہے کیونکہ پی آئی اے کے قرض کا حجم اثاثوں کی مالیت کا 5 گنا ہے۔
واضح رہےکہ پی آئی اے کے مالی بحران کی وجہ سے متعدد پروازیں منسوخ کی جارہی ہیں اور متعدد تاخیر کا شکار ہیں جب کہ حکومت نے ائیرلائن کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے۔