ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ دنیا صرف 5 بڑے ممالک کا نام نہیں، انصاف قائم کرنا ممکن ہے، شام کی صورتحال کی وجہ سے ترکیہ پر پناہ گزینوں کا بوجھ ہے۔
رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے عالمی سطح پر کثیرالجہتی کوششوں پر زور دیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’دنیا صرف پانچ ممالک کام نہیں، ایک منصفانہ دنیا کا قیام ممکن ہے‘۔
اقوام متحدہ کو اپنے قیام کے مقاصد کی عکاسی بہتر انداز میں کرنی چاہیئے۔
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کے لیے نئی حکمت عملی اورایجنڈے کی ضرورت ہے، ترکیہ دنیا میں تنازعات کے خاتمے اور امن کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔
ترک صدر نے کہا کہ یوکرین کی جنگ کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیئے، یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے ترکیہ سفارتکاری تیز کرے گا۔
صدر رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا، امن میں کوئی شکست نہیں کھاتا، روس اور یوکرین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔