وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے غیرملکی گاڑیوں کی امپورٹ کی آڑ میں حوالہ ہنڈی کے انکشاف پر کریک ڈاؤن شروع کردیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے نے خلاف ضابطہ کاروبار میں ملوث کار شوروم مالکان کی فہرست تیار کرلی ہے اور ابتدائی طور پر خالد بن ولید روڈ کراچی کے 4 کار شوروم مالکان کو ہفتے کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں شوروم مالکان کو 26 ستمبر کو ایف آئی اے کے اسٹیٹ بنک سرکل صدر کراچی طلب کیا گیا ہے اور مالکان کو یکم جنوری 2021 سے اب تک امپورٹ کی گئی گاڑیوں کا ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک سے منگوائی گئی گاڑیوں کی آڑ میں بلیک منی کو وائٹ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تحقیقات میں کراچی سمیت سندھ کے تمام کار شورومز مالکان کو شامل تفتیش کیے جانے کا امکان ہے۔
کار شوروم اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر سی بی سی رابعہ قریشی کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ٹیم کے دیگر ارکان میں ایس ایچ او سی بی سی انسپکٹر شاہد حسین، سب انسپکٹرز نصر اللہ خان اور دیگر شامل ہیں۔