شیخوپورہ: قلعہ ستار شاہ اسٹیشن کےقریب مسافر ٹرین ٹریک پر کھڑی ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 20 مسافر زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق میانوالی سے آنے والی مسافر ٹرین بھی کانٹا تبدیل نہ ہونے پر اسی ٹریک پر آگئی جس پر پہلے سے ٹرین کھڑی تھی، مسافر ٹرین کے ڈرائیور کی کوشش کے باوجود ٹرین مال بردار بوگی سے ٹکرا گئیں۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق حادثے میں میانوالی سے لاہور جانے والی ٹرین میں سوار 20 مسافر زخمی ہوئے، 5 زخمی مسافروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق غفلت پر ریلوے کے 4 اہلکار معطل کر دیےگئے، جب کہ ڈپٹی پرنسپل افسران کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
کمیٹی 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی، ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔سیفٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔