بلوچستان کے علاقے تربت میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر سوئے ہوئے 6 مزدوروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔۔ واقعے میں 2 مزدور زخمی بھی ہوئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر کیچ امام بخش نے بتایا کہ تربت کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے مقامی ٹھیکیدار نصیر احمد کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گھر کے مہمان خانے میں موجود 6 مزدور موقع پر جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، افسوس ناک واقعہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب پیش آیا۔
امام بخش نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی مزدور ٹھیکیدار کے ہاں تعمیراتی کاموں کے سلسلے میں مزدوری کر رہے تھے
انہوں نے کہا کہ افسوس ناک واقعے کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی تھانے میں درج کیا گیاہے، پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات میں سی ٹی ڈی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔