لندن میں ن لیگ کے قائد نواز شریف کی زیرصدارت اہم بیٹھک ہوئی، اجلاس میں پارٹی کے بیانیے کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔
لندن میں مقیم مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی سے بدلہ نہیں لینانہ ہی انتقام کی سیاست کرنی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ٹکراؤ کی پالیسی سے بھی گریز کیا جائے گا۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ آج جو حالات ہیں وہ سب انتقامی سیاست کا ہی نتیجہ ہے،لہٰذا اب مفاہمت ہوگی اور پاکستان کے بڑے مسائل حل کرنے کیلئے مل کر چلا جائےگا۔
میٹنگز میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پارٹی مستقبل میں معاشی ایجنڈے پر فوکس کرے گی، ن لیگ کی پہلی ترجیح پاکستان کو معاشی گرداب سے نکالنا ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نواز شریف انتقام کے بجائے ملک کو ٹھیک کرنے پر توجہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا بیانیہ نواز شریف نے طے کیا، ایک ہی کام ہوسکتا ہے، ملک کو ٹھیک کریں یا انتقام لینے میں لگ جائیں۔
اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 2017 کے کرداروں کے احتساب کا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا تھا، نواز شریف پر ظلم کرنے والے رسوا ہوئے، کم عرصے میں سب کردار بے نقاب ہوئے۔