برطانوی عدالت نے لیسٹر شائر میں جان بوجھ کر حادثے میں دو افراد کے قتل کے الزام میں پاکستانی نژاد ٹک ٹاک انفلوئنسر مہک بخاری اور اس کی والدہ انسرین بخاری کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے مہک بخاری کو 31 برس اور 8 ماہ قید جبکہ اس کی والدہ انسرین بخاری کو 26 برس، 9 ماہ، شریک ملزمان ریحان کاروان اور رئیس جمال کو قتل کے جرم میں عمر قید کی سزائیں سنائی گئیں۔
لیسٹر کی عدالت نے امیر جمال، نتاشہ اختر اور صناف گل مصطفیٰ کو بھی اقدامِ قتل کے جرم میں سزا سنائی، نتاشہ اختر کو 11 برس، امیرجمال کو 14 برس 8 ماہ، صناف گل کو 14 برس 9 ماہ قید کی سزائیں سنائی گئی۔
دونوں ماں اور بیٹی پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دو پاکستانی نوجوانوں ثاقب حسین اور ان کے دوست محمد ہاشم اعجاز الدین کی کار کا پیچھا کرکے انہیں روڈ حادثے کا شکار بنایا، جس سے دونوں نوجوان ہلاک ہوگئے تھے۔