روس نے کہاہے کہ امریکا کی طرف سے کسی جوہری تجربے کی صورت میں روس بھی ایسا ہی اقدام کرے گا اور اس کے لئے روسی پارلیمنٹ جوہری تجربا ت پر پابندی کے جامع معاہدے سی ٹی بی ٹی کی توثیق کو منسوخ بھی کر سکتی ہے۔
روسی وزارت خارجہ میں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ اور اسلحہ کی تجارت پر کنٹرول کے شعبہ کے سربراہ ولادی میر یرما کوف نے روسی ذرائع الاغ سے بات چیت میں کہا کہ روس نے سی ٹی بی ٹی پر دستخط 23 سال قبل کئے تھے لیکن امریکا نے اس معاہدے پر ابھی تک دستخط نہیں کئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس صورتحال میں روسی پارلیمنٹ کا ایوان زیریں روس کی طرف سے اس معاہدے کی توثیق کو منسوخ کر سکتا ہے لیکن ایسا ہونے کی صورت میں بھی روس جوہری تجربے میں پہل نہیں کرےگا اور ہمارا ملک 1992 میں روسی صدر کے فرمان کے ذریعے جوہری تجربات پر عائد کی گئی پابندی پر عملدرآمد جاری رکھے گا۔روسی عہدیدار نے واضح کیا کہ اگر امریکا نے جوہری تجربہ کیا تو روس بھی ایسا ہی کرے گا۔