سربین ٹینس سٹار نواک جوکووچ نے فائنل میں اپنے روسی حریف کو شکست دے کر یو ایس اوپن کا مینز ٹائٹل جیت لیا۔
نواک جوکووچ نے پہلے سیٹ میں روسی ٹینس پلیئر سے بآسانی 3-6 کی برتری حاصل کی لیکن دوسرے سیٹ کے دوران روس کے ڈی میدودیف کی جانب سے دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا، دوسرا سیٹ جوکووچ نے 6-7 کے سخت مقابلے کے بعد اپنے نام کیا۔
تیسرے سیٹ میں سربین ٹینس سٹار نے اپنی دھاک بٹھاتے ہوئے 3-6 سے برتری حاصل کی، یوں نواک جوکووچ کو تینوں سیٹس میں روسی حریف پر برتری حاصل رہی اور انہوں نے یو ایس اوپن ٹینس کے مینز مقابلوں کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
نواک جوکووچ نے کیرئیر کا چوتھا یو ایس گرینڈ سلیم اپنے نام کیا ہے جس کے بعد وہ 24 بار گرینڈ سلیم جیتنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں، آسٹریلیا کی مارگریٹ کورٹ بھی 24 گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہیں، سرینا ولیمز 23، رافیل نڈال 22 اور راجر فیڈرر 20 بار گرینڈ سلیم جیت چکے ہیں۔