آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 259 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک میں معاشی سرگرمیوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کے خاتمے کیلئے حکومت کی مدد کی جائے گی۔
کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ ”ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لئے مذموم پروپیگنڈہ کرنے والوں کو مایوسی ہوگی، ایسے عناصر مزید رسوائی کا شکار ہونگے“۔
کانفرنس کے دوران ”آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا“۔
کانفرنس کے شرکاء نے مزید کہا کہ ”ملک میں معاشی سرگرمیاں جو اس وقت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی زیر نگرانی جاری ہیں، اُس کی مکمل حمایت کی جائے گی“۔
شرکاء نے کہا کہ ”ایسی تمام سرگرمیاں جو معاشی استحکام اور غیر ملکی سر مایہ کاری کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس کے خاتمے کیلئے حکومت کی مکمل معاونت کی جائے گی“۔
شرکاء نے مزید کہا کہ ”دہشتگرد جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، وہ، اُن کے سہولت کاروں اور اُن کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی“۔