چین کے سابق وزیرِ خارجہ کن گینگ کو عہدے سے برطرف کرنے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق چین کے وزیرِ خارجہ کن گینگ کو رواں سال 25 جولائی کو عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔ انہیں تقرری کے 7 ماہ سے بھی کم عرصے میں عہدے سے فارغ کیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق کن گینگ کو تحقیقات کے بعد یہ نتیجہ سامنے آنے کے بعد عہدے سے ہٹایا گیا کہ انہوں نے امریکی سفیر کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے ایک خاتون سے تعلقات قائم کیے اور اس دوران خاتون کے ہاں ایک بچے کی بھی پیدائش ہوئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے ہونے والی تحقیقات میں اب توجہ اس جانب مرکوز ہے کہ اس دوران قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ ہوا یا نہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس معاملے پر چین کی وزارتِ خارجہ نے تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا ہے۔